سُولیا، 25؍ مارچ (ایس او نیوز) منگلورو بنگلور ہائی وے پر نیلیاڈی کے قریب کنٹینر ٹرک اور بس کے درمیان پیش آئے المناک حادثہ کے بعد لگی آگ میں ایک شخص زندہ جل کر خاکستر ہوگیا۔
بتایا جاتا ہے کہ سری درگا ٹریویلس کمپنی کی ایک بس کنداپور سے بنگلورو کی طرف جارہی تھی جو سامنے سے آتے ہوئے کنٹینر ٹرک سے ٹکرا گئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ ایک طرف بس اور کنٹینر میں آگ لگ گئی اور دوسری طرف کنٹینر کا ڈرائیور کیبن میں ہی پھنس کر رہ گیا جس کی وجہ سے وہ زندہ جل کر خاک ہوگیا۔
مقامی لوگوں نے فوری طور پر آگ بجھانے کی کوشش کی پھر تھوڑی دیر بعد فائر بریگیڈ کا عملہ اور پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔ آگ کی وجہ سے بس اور ٹرک دونوں تباہ ہوگئے۔ بس ڈرائیور اور مسافروں کو معمولی چوٹیں آئی تھیں جنہیں علاج کے لئے اسپتال میں منتقل کیا گیا۔ پن انگڈی پولیس نے معاملہ درج کرلیا ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہے۔